حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین تراشیون نے حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں خطاب کرتے ہوئے کہا: حالیہ برسوں میں دشمن نے ہمارے جوانوں اور نوجوانوں کو ایک خاص حکمت عملی کے تحت نشانہ بنایا ہے۔ طول تاریخ میں دشمن نے اپنے مذموم منصوبوں سے کبھی ہاتھ نہیں کھینچا لہذا ہمیں بھی دشمن کی چالوں کو سمجھتے ہوئے اقدام کرنا چاہئے۔
انہوں نے ولایت فقیہ کو دور حاضر میں حکومتِ اسلامی کا سب سے اہم نکتہ قرار دیتے ہوئے کہا: دشمن اچھی طرح جانتا ہے کہ جب تک وہ ولایت فقیہ پر کاری ضرب نہیں لگا سکتا تب تک وہ لوگوں کی فکر اور عقائد کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ اس لئے آج اس نے ہر میدان میں شکست کھانے کے بعد اب کھسیائی بلی کی طرح مراجع اور ولی فقیہ کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین تراشیون نے کہا: مغربی تہذیب نے عورتوں کے ساتھ جو سب سے بڑا ظلم کیا ہے وہ یہ ہے کہ اس نے عورتوں سے ان کی اصلیت اور فطرت کو چھین لیا۔ مغربی تہذیب کا خواتین کو مختلف طریقوں سے اپنے رویے، افعال اور تمام نسوانی خصوصیات کو تبدیل کرنے پر مجبور کرنا انسانیت کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: موجودہ دور میں سائبر اسپیس کی آزادی خاندان کے خاتمے اور نوجوانوں کے انحراف کی سب سے اہم وجہ بن رہی ہے۔ دشمن نے سائبر اسپیس کے ذریعہ ہمارے دسیوں جوانوں اور نوجوانوں کو مذہبی و عقیدتی لحاظ سے کمزور کر دیا ہے۔ لہذا ہمیں اپنی آئندہ نسل کی حفاظت اور ان کی اعتقادی و اخلاقی تربیت کے لئے ان میدانوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔